اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چائے پینے آیا تھا جلسہ ہو گیا، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہوٹہ جلسے سے خطاب ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے ویسے بھی سیر و سیاحت کا شوق اور اور پہاڑوں پر جانے کا شوقین ہوں، میں تو چائے پینے یہاں آیا تھا جلسہ ہو گیا۔
اس موقع پر کپتان نے وزیراعظم نواز شریف پر کڑی تنقید کی۔ عمران خان کی وزیراعظم پر تنقید کرنے کے دوران جلسے میں شریک نوجوانوں نے نعرے لگانے شروع کر دیئے’’گلی گلی میں شور ہے نواز شریف چور ہے‘‘جس کے جواب میں عمران خان نے نعرہ لگوا دیا کہ یہ نعرہ ٹھیک نہیں بلکہ نعرہ یہ ہونا چاہئے ’’گلی گلی میں شور ہے سارا ٹبر چور ہے‘‘۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ کرپشن کی وجہ سے ملک چلانے کیلئے قرضے لینے پڑ رہے ہیں جس سے ملک پیچھے کی طرف جا رہا ہے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ آنے والا ہفتہ ملک کیلئے نہایت اہم ہے اور اس آنے والے ہفتے میں ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش جیسا ملک بھی پاکستان سے آگے نکل گیا ہے۔ نواز شریف کہتا ہے کہ ہمارا 30سال سے احتساب ہو رہا ہے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ نواز شریف تمہارا تو 30سال سے احتساب ہوا ہی نہیں۔ انہوں نے اس موقع پر جے آئی ٹی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اور پورا پاکستان آپ کو سلام پیش کرتا ہے۔ عمران خان نے جلسہ میں شریک افراد کو پانامہ کیس فیصلے کے موقع پر اسلام آباد میں کال دیتے ہوئے آنے کی اپیل کر دی ۔