کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) عام طور پر قومی درآمد کے معاملات پر حکومتی پالیسی کے بیانات جاری کرنے والے وزارت خزانہ کے ترجمان نے اتوار (9 جولائی) کو معمول سے ہٹ کر انتہائی ذاتی نوعیت کا بیان جاری کیا، جس میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی جانب سے خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کی گئی۔اسحٰق ڈار کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں وزارت کا کہنا تھا،
‘وہ گذشتہ چند دنوں سے میڈیا پر ان کے خلاف شائع ہونے والے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔مذکورہ بیان 4 نکات پر مبنی تھا، جس میں اسحٰق ڈار کے خلاف لگائے گئے الزامات کو ‘جھوٹا، بدنیتی پر مبنی اور ناقابل برداشت قرار دیا گیا۔میڈیا کے ان دعووں کو ‘سراسر بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی اور سینیٹر کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ ‘ان الزامات کے حوالے سے ذمہ دار افراد / پارٹیز کے خلاف مناسب اقدامات اٹھائے جائیں گے۔سب سے پہلے تو انھوں نے اس الزام کی تردید کی، جس میں کہا جارہا تھا کہ ‘پاناما پیپر کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیشی کے وقت سینیٹر اسحٰق ڈار نے جے آئی ٹی کو کہا کہ وہ اس کیس میں وزیراعظم نواز شریف کے خاندان کے خلاف گواہ بننے اور شریف خاندان کے خلاف مطلوبہ بیان دینے کو تیار ہیں۔انھوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ میڈیا کا کوئی رکن کس طرح یہ دعویٰ کرسکتا ہے کہ جے آئی ٹی کی سماعت کے دوران ایسی کوئی گفتگو ہوئی۔وزیر خزانہ نے ان الزامات کی بھی تردید کردی کہ وہ اپنے اور اپنے خاندان کے لیے امریکا کی شہریت کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں، اور یہ کہ ‘انھوں نے ایک رکن قومی اسمبلی سے خفیہ شادی کر رکھی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ‘3 جولائی 2017 کو جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر اسحٰق ڈار کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حوالے سے کچھ حقائق بیان کرنے کے بعد سے گذشتہ چند دنوں سے میڈیا کے چند حلقوں کی جانب سے وزیرخزانہ کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس دن وزیر خزانہ نے اپنی تقریر کے زیادہ تر حصے میں عمران خان پر تنقید کی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین جوا کھیلنے کے عادی تھے۔انھوں نے عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کو ‘یہودی بیوٹی’ قرار دیا اور ٹائرن وائٹ کا نام لیے بغیر سابق کرکٹر پر خفیہ شادی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ‘اگر آپ ہمارے بچوں کو سیاست میں گھسیٹیں گے تو ہم اس کا جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ اسحٰق ڈار کی ایک رکن قومی اسمبلی سے خفیہ شادی کا دعویٰ سب سے پہلے ایک نجی ٹی وی چینل کے میزبان کی جانب سے کیا گیا، جو بعدازاں مزاحیہ تصاویر اور ویڈیوز کی صورت میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا۔دوسری جانب وزارت خزانہ کے بیان میں ان دعووں کی بھی تردید کردی گئی کہ ‘اسحٰق ڈار کے نام پر رجسٹرڈ مرسڈیز بینز کا 2008 میں خریداری کے بعد سے ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اسحٰق ڈار باقاعدگی سے اپنی گاڑی کا موٹر وہیکل ٹیکس ادا کرتے ہیں۔