کراچی(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے رینجرز پر الزام عائد کیا ہے کہ رینجرز کا رویہ غیر جانبدارانہ نہیں ہے ‘ رینجرز میرے ووٹرز کو متاثر کر رہی ہے ‘ انہیں آزادی کے ساتھ ووٹ ڈالنے نہیں دے رہی ‘ اس کے راستے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے ‘ الیکش کمیشن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس کا نوٹس لیا جائے اور تحقیقات کرائی جائیں ‘ دوسری جانب ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے
کہا ہے کہ سعید غنی کی اپنی رائے ہے کوئی تبصرہ نہیں کروں گا ‘کسی کو مسئلہ ہے تو باقاعدہ شکایت درج کرائے ‘ شفاف انتخاب کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہاکہ سلطان لاسی علاقے کا فسادی آدمی ہے ‘ سلطان لاسی کے امیدوار پر 30 سے زائد مقدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر کیا کچھ ہوا کیا کیا بتاؤں ‘ میرے بھائی کو بولنے نہیں دیا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ رینجرز کا رویہ غیر جانبدارانہ نہیں ہے۔ رینجرز میرے ووٹرز کو متاثر کر رہی ہے۔ رینجرز میرے ووٹرز کو آزادی کے ساتھ ووٹ ڈالنے نہیں دے رہی اس کے راستے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں میں اس کی مذمت کرتا ہوں اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس کا نوٹس لیا جاءئے اور تحقیقات کرائی جائیں۔ بتائیں کہ یہاں کیا کیا جعل سازی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنیسر گوٹھ میں ہمارے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔ ووٹرز کو باہر نکالا جا رہا ہے۔ یہاں پوری فوج لگائی ہوئی ہے جنگ لڑنی ہے کیا۔ عامر خان آدھا گھنٹہ بیٹھ کر گیا ہے۔ دوسری طرف ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سعید غنی کی اپنی رائے ہے کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔ میڈیا کو الزامات خود دیکھنا چاہئیں‘ کسی کو مسئلہ ہے تو باقاعدہ شکایت درج کرائے۔ ہمیں الیکشن کمیشن نے اختیارات دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخاب کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں۔