اسلام آباد (این این آئی) غیر ملکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ الیکشن 2018 میں مسلم لیگ (ن )ایک بار پھر کامیاب ہو جائیگی ٗ معاشی پالیسیوں کے تسلسل کے باعث ترقی کی شرح 5 فیصد سے زائد رہے گی ۔نجی ٹی وی کے مطابق غیرملکی جریدے اکنامک انٹیلیجنس یونٹ نے پاکستان پر اپنی تازہ رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ الیکشن 2018 میں مسلم لیگ ن ایک بار پھر اقدار سنبھالنے میں کامیاب ہوجائیگی ٗ
الیکشن میں کامیابی کے بعد موجودہ حکومت انفرا اسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں پر کام جاری رکھے گی جس سے معاشی ترقی کا تسلسل برقرار رہے گا اور آئندہ برسوں میں بھی معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے ٗ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھنے اور روپے کی قدر گھٹنے سے اشیاء خورد نوش اور پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا خدشہ ہے اور آئندہ برس مہنگائی کی شرح 4 اعشاریہ 8 رہے گی۔