اسلام آباد(آئی این پی)دینی جماعتوں کے وسیع تر اتحاد کے طریقہ کار کے بارے میں سفارشات تیار کر لی گئیں ‘ متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا قوی امکان ہے۔ رپورٹ 8 ،9جوالائی کو جمعیت علماء اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ مذاکراتی کمیٹی باضابطہ اعلان کیلئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ہیڈ کوارٹر منصورہ کا دورہ کرے گی۔ دینی جماعتوں کے اتحاد
کیلئے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری اور وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے باہمی مشاورت سے سفارشات تیار کی ہیں۔ ان رہنمائوں پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی نے تمام ممکنہ جماعتوں کے قائدین سے اس بارے میں رابطے کئے ہیں جبکہ پارٹی قائد مولانا فضل الرحمن نے براہ راست اس معاملے پر جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت سے بھی بات چیت کی ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اس حوالے سے مولانا فضل الرحمن پر اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 8،9 جولائی کو جمعیت علماء اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس بارے میں گزشتہ روز یہاں وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی سے رابطہ کرنے پر انہوں نے کہاکہ دینی جماعتوں کے اتحاد کے سلسلے میں کافی حد تک پیش رفت ہو گئی ہے۔ 9,8 جولائی کو مجلس عمومی کے اجلاس میں اس حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔