اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز دوحہ روانہ۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم حسین نواز قطر روانہ ہو گئے ہیں۔ حسین نواز غیر ملکی ائیرلائن کے ذریعے قطر کے دارالحکومت دوحہ کیلئے روانہ ہوئے۔ ان کے دورے کا مقصد تاحال سامنے نہیں آسکا۔ واضح رہے کہ 4جولائی کو حسین نواز نے جے آئی ٹی کے سامنے چھٹی بار پیش ہو کر سوالات کے جوابات دئیے تھے جبکہ 5جولائی کو ان کی ہمشیرہ اور وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں
تھیں اس موقع پر حسین اور حسن نواز دونوں مریم نواز کے ہمراہ تھے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی اور ن لیگ کے دیگر رہنما جے آئی ٹی سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ پانامہ کیس میں ان کی جانب سے پیش کئے گئے خط والے قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے جے آئی ٹی قطر جائے مگر تاحال ابھی تک ان کے اس مطالبے پر جے آئی ٹی نے کوئی پیشرفت نہیں دکھائی جبکہ آج وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی قطر کیلئے روانگی معنی خیز قرار دی جا رہی ہے۔