اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی جوڈیشل اکیڈمی آمد پر خاتون پولیس آفیسر کی پھرتیاں‘ گاڑی کا دروازہ کھولنے کے بعد زور دار سلیوٹ اور مریم نواز کا گرا ہوا پین ان کے ہاتھ میں دیا‘ پولیس آفیسر کی پھرتیاں دیگر پولیس افسران میں موضوع بحث رہی۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو مریم نواز جب جوڈیشل اکیڈمی پہنچیں تو پولیس آفیسر ایس پی ارسلا سلیم نے آگے بڑھ کر مریم نواز کی کار کا دروازہ کھولا اور انہیں سلیوٹ مارا اور اس کے بعد زمین پر گرا ہوا ان کا پین اٹھا کر ان کے حوالے کیا جسے مریم نواز نے گاڑی کے اندر پھینک دیا۔ اس تمام معاملے کو دیکھ کر دیگر پولیس افسران حیران رہ گئے اور خاتون پولیس افسر کی پھرتیوں کے حوالے سے آپس میں چہ میگوئیاں کرنے لگے۔ وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف ڈیڑھ گھنٹے تک جے آئی ٹی کے سوالوں کے جوابات دیتی رہیں‘ پونے دو گھنٹے کا وقت جے آئی ٹی کے سامنے گزارا‘ باہر نکلنے کے بعد لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے مریم نواز شریف کا استقبال نعروں کے ذریعے کیا جس پر مریم نواز نے ہاتھ ہلا کر رہنماؤں اور کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔ وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیئے بغیر روانہ ہوئیں تو حسین نواز ڈائس پر آئے اور انہوں نے دبے لفظوں میں ایک مرتبہ پھر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ہم نے منی ٹریل کا حساب دے دیا ہے ‘ جن لوگوں کا پاکستان میں منی ٹریل ہے انہوں نے اب تک جواب نہیں دیا۔