اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پانامہ جے آئی ٹی کی جانب سے 5جولائی کو مریم نواز کی طلبی معنی خیز بھی ہو سکتی ہے اور اسے عام تناظر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس وقت کم ہے اور اس نے مریم نواز کو5جولائی کو ہی طلب کرنا مناسب سمجھا تاکہ
وہ اپنا کام جلد از جلد نمٹا سکے، سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس وقت کم ہے اور وہ اپنا کام جلد از جلد نمٹانا چاہتے ہیں اور انہوں نے مریم نواز کو 5جولائی کو ہی طلب کرنا مناسب سمجھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کانسپریسی تھیوری کوہی فرض کر لیا جائے تو 5جولائی کو مریم نواز کی جے آئی ٹی میں طلبی معنی خیزتصور ہو رہی ہے اور اسی تاریخ کو ان کو طلب کرنا جان بوجھ کر طلب کرنا تصور ہو گا اور میرا یا کسی اور کا اس حوالے سے کوئی بھی مطلب لینا حق بجانب ہو سکتا ہے کیونکہ 5جولائی کے ہی دن جنرل ضیا الحق نے ملک میں مارشل لا لگایا تھا اور نواز شریف جنرل ضیا الحق کی وجہ سے ہی سیاست میں آئے اور ان کا آپس میں گہرا تعلق تھا جس سے وہ انکار بھی نہیں کرتے اور لوگوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ان کو اس تاریخ کو طلب کرنے کا مطلب ہے کہ ان کا تعلق جنرل ضیا الحق کے ساتھ ہے۔