لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سری لنکن ٹیم حملہ کیس کی سماعت کی اور دو ملزمان عبیداللہ اور ابراہیم خلیل کو بری کردیا۔ ملزمان عبیداللہ اور ابراہیم خلیل کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان پر سری لنکن ٹیم پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو اسلحہ اور تربیت فراہم کرنے کا الزام ہے۔ ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف تمام تر الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم حملہ کیس اے ٹی سی سے
فوجی عدالت کو منتقل کیا گیا تھا جسے بعد میں دوبارہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں منتقل کردیا گیا۔ یاد رہے کہ مارچ 2009 ءمیں لاہور کے لبرٹی چوک میں دہشت گردوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑی زخمی ہوئے جبکہ مہمانوں کو بچاتے ہوئے چھ پاکستانی پولیس اہلکار اور دو شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ سری لنکن ٹیم حملہ کیس کے چھ ملزمان پر جون 2016 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔