اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعظم نواز شریف کے داما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے لئے کل جمعہ کو سعودی عرب سے واپس آئیں گے ، جے آئی ٹی نے کیپٹن صفد ر کو 24 جون کو طلب کر رکھا ہے، 23جون جمعہ کو سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک جے آئی ٹی میں پیش ہونگے،جے آئی ٹی اپنی تیسری کار کردگی رپورٹ (آج ) جمعرات کو سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی،
کیپٹن (ر)صفدر اور سینیٹر رحمان ملک کے لئے سوالنامہ تیار کر لیا گیا ہے ،تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعل پنجاب شہباز شریف ،وزیر اعظم کے صاحبزادوں حسین نواز اور حسن نواز کے بعد 24 جون کو وزیر اعظم کے داما د کیپٹن ریٹائرڈ صفدر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونگے ، کیپٹن صفدر اس وقت سعودی عرب میں ہیں اور وہ وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب گئے ہیں، ذرائع کے مطابق کیپٹن صفدر جے آئی ٹی میں پیشی کے لئے23 جون کو نماز جمعہ مسجد نبوی ﷺ میں ادا کرنے کے بعد پاکستان کے لئے روانہ ہونگے اور 24 جون کو دن گیارہ بجے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے ،کیپٹن صفدر نے سعودی عرب روانگی سے قبل جے آئی ٹی کو 24 جون سے قبل بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست کی تھی تاہم جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے ان کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا ،جے آئی ٹی نے سینیٹر رحمان ملک کو جمعہ کو دوپہر اڑھائی بجے طلب کر رکھا ہے ،ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے کیپٹن صفدر اور سینیٹر رحمان ملک کے لئے سوالنامہ تیار کر لیا ہے ،
سینیٹر رحمان ملک بطور گواہ پیش ہونگے اور شریف خاندان کی مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق اپنی تحقیقاتی رپورٹ جے آئی ٹی کو دینگے ، دوسری طرف بدھ کو بھی جے آئی ٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کی زیر صدارت وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں ہوا ، جے آئی ٹی نے کیپٹن صفدر اور سینیٹر رحمان ملک کے لئے سوالنامہ تیار کیا
اور سپریم کورٹ کے لئے تیار کردہ اپنی تیسری کار کردگی رپورٹ کا جائزہ لیا یہ رپورٹ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کو (آج )جمعرات کو جمع کرائیں گے۔(آچ)