اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی قطری تنازع حل کرانے کی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے کیونکہ قطر کا 5 رکنی وفد دوحہ سے دوبارہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ پانچ رکنی قطری وفد میں ایک برطانوی شہری بھی شامل ہے جبکہ وفد کی سربراہی امیر قطر کے خصوصی ایلچی عبدالہادی مانا الہجیری کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق قطری وفد نے وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق قطری وفد کو وزیراعظم اور آرمی چیف کے دورہ سعودی عرب کے دوران
ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔قطری وفد اس سے قبل سات جون کو بھی پاکستان آیا تھا۔ یاد رہے سعودی عرب-قطر تنازع کے معاملے پر پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اس حوالے سے پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب کے دورے پر گئے تھے اور اپنے دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں اور تنازع کے پرامن حل پر زور دیا تھا۔