اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جامع مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے چاند کی رویت معلوم کرنے کیلئے علمائے پشاور کا اجلاس آج بعد از مغرب مسجد قاسم علی خان میں طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق رمضان اور عید کے چاند کے حوالے سے متنازعہ اعلانات سے شہرت حاصل کرنے والے جامع مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے رویت ہلال کے حوالے سے آج بعد نماز مغرب مسجد
قاسم علی خان میں علمائے پشاور کا نمائندہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔ مفتی پوپلزئی نے عوام اور علما سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاند دیکھنے کیلئے دیگر ذرائع کے بجائے خود کوشش کریں جو کہ سنت طریقہ بھی ہے۔ انہوں نے چاند دیکھ کر شہادت دینے والے حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقے کے عالم دین کے ہمراہ مسجد قاسم علی خان میں علمائے پشاور کے اجلاس میں شہادت دینے کیلئے آئیں۔