لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بیجنگ میں چائنہ ریلوے،نورینکو کے صدرکی قیادت میں وفد کی ملاقات۔اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے نے ٹرانسپورٹ کے نئے کلچر کی بنیاد رکھ دی ہے ۔اورنج لائن کے بعد پنجاب میں ایسی مزید لائنیں بنانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔
اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ عام آدمی کا منصوبہ ہے ۔اس ضمن میں جو مشکلات پیش آئی ہیں، میں اسے ذاتی طورپر دور کراؤں گا۔ پنجاب میں چین کے تعاون سے کئی منصوبے لگ رہے ہیں ۔شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اورچین کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون سے عوام کو بے پناہ فائدہ پہنچ رہا ہے ۔چینی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین دوستی ، محبت او رخلوص کا غیر معمولی تحفہ ہے ۔ منصوبے کے سول ورکس پر اعلی معیار کا کام کیا جا رہا ہے اور میٹروٹرین کا منصوبہ فن تعمیر ، شفافیت اور اعلی معیار کا عظیم شاہکار ہو گا ۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو عالمی معیار کی جدید ، تیز رفتار اور باکفایت سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے یہ منصوبہ ایک گیم چینجرثابت ہو گا۔