اسلام آباد (آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے رابطہ کرکے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عظمیٰ نے پناہ لینے اور بھارت واپس جانے کے لئے بھارتی ہائی کمشن سے رابطہ کیا ، ڈاکٹر عظمیٰ کا کہنا ہے کہ طاہر علی سے شادی کے بعد پتا چلا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ اور چار بچوں کا باپ ہے ۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی شہری ڈاکٹر عظمیٰ اور پاکستانی شہری طاہر علی کی شادی کے
معاملے پر بھارتی ہائی کمیشن نے دفتر خارجہ سے رابطہ کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے دفتر خارجہ کو بتایا ہے کہ عظمیٰ نے پناہ لینے اور بھارت جانے کے لئے بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ۔ ڈاکٹر عظمیٰ نے حال ہی میں پاکستان آ کر طاہر علی سے شادی کی ۔ بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ کا کہنا ہے کہ طاہر پہلے سے شادی شدہ ہے اور چار بچوں کا باپ ہے ۔