لاہور( این این آئی)ایف آئی اے نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک گھر پر چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر گردوں کی پیوند کاری کرنے والے دو ڈاکٹروں کو گرفتار کر لیا ،دو غیر ملکیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر کافی عرصہ سے ریکی کی جارہی تھی اور گزشتہ روز ملتان روڈ سے کچھ فاصلے پر واقعہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں پر دو ڈاکٹر غیر قانونی طور پر گردوں کی پیوند کاری میں مصروف تھے۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے دو ڈاکٹروں جن کی شناخت ڈاکٹر التمش اور ڈاکٹر فواد کے نام سے ہوئی ہے کو گرفتار کر لیا جبکہ عمان سے تعلق رکھنے والی خاتون سمیت دو مریضوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ایف آئی اے کے مطابق ڈاکٹر فواد پر اس سے قبل بھی چھ مقدمات درج ہیں ۔دونوں ڈاکٹرز غیر قانونی طو رپر غریب افراد کے گردے نکال کر غیر ملکیوں کو مہنگے داموں فروخت کرتے تھے ۔