لاہور(آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔تفصیلات کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا نے اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار سوشل میڈیا پر پابندی عائد کرنے کی درخواست میں اپنا کیس ثابت نہیں کر سکے ،یہ درخواست
ناقابل سماعت ہے تاہم اگر درخواست گزار چاہے تو وہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی سے رجوع کر سکتا ہے، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ فیس بک، ٹوئٹر، لنکڈھن، سنیپ چیٹ سمیت دیگر سوشل میڈیا پر جعلی اکاونٹ بنا کر اہم شخصیات کی کردار کشی کی جاتی ہے، سائبر کرائم ایکٹ کی موجودگی کے باوجود اس عمل کو روکا نہیں جا رہا، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اس کو روکنے میں ناکام ہو گئی ہے لہذا سوشل میڈیا پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔