اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ٹھلیاں ہاؤسنگ سکیم کے اکاونٹس بند کرنے کی سفارش کر دی ۔ جبکہ اس ہائوسنگ سوسائٹی کے معاملات کی تحقیقات کےلئےپی اے سی نے اعظم سواتی کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سنیٹر اعظم خان سواتی نے ٹھلیاں ہاؤ سنگ سکیم میں مبینہ بے قاعدگیوں کا معاملہ اٹھایا ۔
اعظم سواتی نے کہاکہ وزارت ہائوسنگ کے پاس ایک انچ زمین نہیں ہے۔ عوام سے ٹھلیاں ہاؤسنگ سکیم کیلئے اربوں روپے کیوں لیے گئے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت کے کچھ لوگوں نے فرنٹ مین رکھے ہیں، اگر نوٹس نہ لیا گیا تو بعد میں لکیر پیٹتے رہیں گے اور سانپ گزر جائے گا۔اس موقع پرسنیٹر چوہدری تنویر نے کہاکہ بہارہ کہو سکیم کو آٹھ سال گزر گے صورتحال جوں کی توں ہے ٹھلیاں ہاؤسنگ سکیم میں پرائیویٹ پارٹی نے پلاٹوں کی بکنگ کے اشتہار میں وزیر اعظم کی تصویر لگائی ہے، کیا یہ سارا کام وزارت سے پوچھ کر کیا گیا ۔پرائیویٹ پارٹی کس حیثیت سے پیسے اکٹھے کر رہی ہے کیا اس بارے میں کوئی لے آوٹ یا پلان منظور ہوا ہے ۔جس پر جواب میں سیکرٹری ہاؤسنگ نے اشتہار سے متعلق لا علمی کا اظہار کیا ۔جس پر پی اے سی اراکین سیکرٹری ہاؤسنگ کے بیان پر شدید برہم ہوئے ۔خورشید شاہ نے کہا کہ آپ کی ناک کے نیچے اتنا بڑا اشتہار دیا گیا، آپ کہہ رہے ہیں مجھے علم تک نہیں۔ آپ نے کسی سے نہیں پوچھا کہ آپ کے نیچے اتنا بڑا منصوبہ کیسے بنا؟۔ آپ کی نا اہلی ہے کہ کوئی ٹرسٹ بن گیا اورآپ کے علم میں نہیں ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ اپنے متعلق ریمارکس کو مسترد کر تا ہوں، میں نے اشتہار نہیں دیکھا۔ جس پر ممبران کمیٹی ششدر رہ گے۔ کمیٹی نے ہاؤسنگ سکیم میں عوام کو سرمایہ کاری نہ کرنے کا انتباہ کرتے ہوئے ہاؤسنگ اسکیم کےاکاؤںٹس بند کرنے کی سفارش کردی
تحقیقات کیلئے اعظم سواتی کی سربراہی میں چار رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی اوریہ کمیٹی پی اے سی کوپندرہ روزکے اندراندراپنی تحقیقاتی رپور ٹ پیش کرے گی ۔