نئی دہلی /اسٹاک ہوم(آئی این پی)بھارت فوجی اخراجات کرنیوالا دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن گیا،بھارتی میڈیا کے مطابق اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال بھارت کے فوجی اخراجات میں 8.5 فیصد کے قریب اضافہ ہوا جس کے بعد 55.9 بلین فوجی اخراجات کے ساتھ دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن گیا۔رپورٹ کے مطابق امریکا 2015 سے 2016 کے
درمیان 1.7 فیصد اضافے سے 611 بلین ڈالر اخراجات کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا فوجی اخراجات کرنے والا ملک ہے،دیگر سرفہرست فوجی اخراجات کرنیوالوں میں چین، جاپان، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا شامل ہیں،چین کا اس فہرست میں 215 بلین ڈالر اخراجات کے ساتھ دوسرا نمبر ہے،رپورٹ کے مطابق روس نے گزشتہ سال اپنے فوجی اخراجات میں 5.9 فیصد اضافہ کر کے 69.2 بلین ڈالر اخراجات کئے اور اس طرح وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے،واضح رہے کہ پاکستان فوجی اخراجات کرنیوالے سرفہرست پندرہ ممالک میں شامل نہیں۔