اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کے مطالبے پر اپوزیشن تقسیم ،پیپلز پارٹی کی جانب سے پارلیمنٹ میں حکومت کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے بلائے گئے اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان،اے این پی اور فاٹا کے ارکان پارلیمنٹ نے
شرکت نہیں کی،اپوزیشن کے اجلاس میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کیلئے شیخ رشید احمد کو ذمہ داری سونپ دی گئی۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤ س میں ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے ہونے والے اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی ، ایم کیو ایم پاکستان، فاٹا کے کسی رکن پارلیمنٹ نے شرکت نہیں کی جس پر اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو دونوں ایوانوں میں مشترکہ حکمت عملی اپنانی چاہیے،ضروری ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتو ں ایک پیج پر ہو کر وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کریں۔ شیخ رشید احمد نے تجویز دی کہ وزیر اعظم کے استعفے کے اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بننا چاہیے جس پر اجلاس میں اپوزیشن کے اجلاس میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کیلئے شیخ رشید احمد کو ذمہ داری سونپ دی گئی، وہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کو اپنے موقف پر قائل کریں گے۔ دوسری طرف ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی علی رغا عابدی نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم وزیر اعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ نہیں ہے۔