لاہور (آن لائن) محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات 22 تا 23 مئی سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ صوبے میں گرمی کی حالیہ لہر کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی خواہش ہے کہ تعلیمی اداروں میں رمضان المبارک کے آغاز سے قبل گرمیوں کی تعطیلات شروع کی جائیں اور 14 اگست سے قبل تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیئے جائیں۔
گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری بھی بڑھنے لگی‘ اساتذہ کی غیرحاضری میں لاہور سرفہرست، محکمہ سکول ایجوکیشن نے نوٹس لیتے ہوئے غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے 26 سکولوں میں اساتذہ کی حاضری نہ ہونے کے برابر رہی جبکہ 10 سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری پر قصور دوسرے نمبر پر رہا۔ اسی طرح گوجرانوالہ ڈویثزن میں منڈی بہاالدین کے 65 سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کم رہی۔ راولپنڈی ڈویژن میں اٹک کے 34 سکولوں میں حاضری بہت کم سامنے آئی۔ سرگودھا ڈویژن میں سرگودھا حاضری میں کمی پر سرفہرست رہا۔ فیصل آباد ڈویژن میں فیصل آباد کے سرکاری سکولوں میں زیادہ اساتذہ غیر حاضر پائے گئے محکمہ سکول ایجوکیشن نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انھیں شوکاز نوٹس جاری کردیئے ہیں۔