اسلام آباد ( آئی این پی )میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے وفاقی دارالحکومت نے میٹرو ٹریک کے لئے لگائے گئے جنگلے کی حفاظت کی غرض سے رات کو پولیس فورس کا گشت بڑھانے کے لئے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھ دیا ،میئر شیخ انصر عزیز نے کہا کہ رات کو مختلف جگہ سے جنگلہ کاٹ دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے حادثات کا خطرہ ہے ، اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کو شہریوں
نے بے حد سراہا ہے ، بہترین جذبے سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن جاری رکھیں گے ۔ وہ پیر کو خبر رساں ادارے ( آئی این پی ) سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے ۔ ذرائع کے مطابق میئر اسلام آباد کی طرف آئی جی اسلام آباد کو لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی کہ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں مختلف مقامات سے میٹرو ٹریک کے لئے لگایا گیا جنگلہ شہریوں کی طرف سے کاٹ کر گزر گاہ بنائی گئی ہے ۔ ایسے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے میٹرو ٹریک کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ حادثات کا بھی خطرہ ہے ۔ لہذا رات کے اوقات میں ڈی چوک سے آئی جے پی میٹرو سٹیشن تک ٹریک کے اطراف پولیس فورس کا گشت بڑھایا جائے آئی جے پی میٹرو سٹیشن تک ٹریک کے اطراف پولیس فورس کا گشت بڑھایا جائےتاکہ جنگلہ کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کی جائے ۔ آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے سی ڈی اے کا آپریشن جاری ہے ۔ آپریشن کے ذریعے دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز اور بڑی مارکیٹوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے ۔ شہریوں کی طرف سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کی حمایت کی جا رہی ہے جو ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے ۔ مکمل جذبے کے ساتھ تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن جاری رکھیں گے ۔