بیجنگ (آئی این پی)خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے چین کے صدر شی جن پھنگ کے علاقائی رابطے کے منصوبے ون بیلٹ و ن روڈ کی زبردست تعریف کی ہے۔بیجنگ میں پہنچنے کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان بالخصوص ان کا صوبہ ان منصوبے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے گا ۔انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے جو ون روڈ ون بیلٹ منصوبے کا
عظیم اور شاہکار منصوبہ ہے ، اہمیت دینے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔وہ بعض بڑے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں چینی حکام کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لئے چین کے ایک ہفتے کے دورے پر ہیں ، ان منصوبوں میں 1200میگاواٹ کا پن بجلی کا منصوبہ اور پشاور ،چارسدہ ، مردان ، صوابی ، نوشہرہ کو ملانے کے لئے ایک تیز رفتار ٹرین کا منصوبہ بھی شامل ہیں جبکہ تیسرا بڑا منصوبہ چکدرہ کو گلگت کے راستے چترال سے سڑک کے ذریعے ملانے کا ہے۔پرویز خٹک نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت صوابی میں ایک صنعتی پارک قائم کیا جائے گا ۔خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ بیجنگ روڈ شو میں شرکت کیلئے اپنے وفد کے ہمراہ آج کل چین کے دورے پر ہیں تا کہ صوبے کے لئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے ، بیجنگ میں 16اپریل سے دوروزہ روڈ شو منعقد ہورہا ہے جس میں مختلف شعبوں کیلئے کئی سو نئی سکیمیں سامنے لائی جائیں گی جن میں انڈسٹریل سٹیٹس ، توانائی ، ریلوے ، شاہراہوں ، انڈسٹریل پارک سیمنٹ فیکٹریز ، سیاحت ، زراعت اور ایسے شعبے شامل ہیں جو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہیں ۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزراء محمد عاطف خان اور شہرام ترکئی جبکہ چیئرمین خیبر پختونخوا سرمایہ کاری بورڈ فیصل سلیم زرحمان ، سینیٹر شبلی فراز اور دیگر حکام شامل ہیں ۔