کراچی(این این آئی) میگاکرپشن کیس میں نامزد سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہاہے کہ میں بیمار ہوں اور سیاست میں نہیں آنا چاہتا لیکن میڈیا مجھے سیاست چھوڑنے نہیں دے رہا۔کراچی کی احتساب عدالت میں 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے ہی ملتوی ہوگئی۔
ریفرنس کی سماعت کرنے والے جج سعد قریشی کا کنٹریکٹ ختم ہوچکا ہے جبکہ نئے جج فرید انور نے تاحال چارج نہیں سنبھالا جس کے باعث کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔عدالت کے باہر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ میں شدید بیمار ہوں اور فی الحال سیاست میں نہیں ہوں تاہم جب بھی کیس کی سماعت سننے آتا ہوں تو عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندے مجھ سے سیاسی سوالات کرتے ہیں میں سیاست چھوڑنا چاہتا ہوں لیکن میڈیا مجھے سیاست سے باہر نہیں نکلنے دے رہا۔عدالت سے انصاف ہی لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔