اسلام آباد(آئی این پی )وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں قبروں کا کاروبار بند ہونا چاہیے ، گدی نشین غریبو ں کو بیوقوف بنا کر ان سے اربوں روپے کماتے ہیں اور عیاشیوں میں لٹا دیتے ہیں ، درگاہوں کا معاملہ ریگولیٹ ہونا چاہیے ، پیپلزپارٹی فارغ جماعت ہے اس سے اتحاد کرنے کی ضرورت نہیں ،شہباز شریف نے مودی کو بجلی دینے کی بات جوش خطابت میں کہی تھی ،بجلی کی صورتحال جلد بہتر ہو
جائے گی ،پانی کا معاملہ چیئرمین ارسا کے پاس ہے اور ان کا تعلق سندھ سے ہے ،اپوزیشن لیڈر سیاسی بیان نہ دیں ،اپنے ارسا کے ممبرسے پوچھیں ،جب لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی تھی تو کسی نے ہماری تعریف نہیں کی ۔ وہ پیر کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جب لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی تھی تو کسی نے تعریف نہیں کی ،شہباز شریف نے مودی کو بجلی دینے کی بات جوش خطابت میں کہی تھی ،بجلی کی صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی ۔خواجہ آصف نے کہا کہ رواں سال اپریل میں گزشتہ سال کی نسبت گرمی بہت زیادہ ہے ،پانی کا معاملہ چیئرمین ارسا کے پاس ہے اور ان کا تعلق سندھ سے ہے ،اپوزیشن لیڈر سیاسی بیانات نہ دیں اگر پانی کی تقسیم پر انہیں کوئی اعتراض ہے تو وہ اپنے ممبرارسا سے پوچھیں ۔وزیردفاع نے کہا کہ سعودی عرب نے جنرل راحیل شریف کی خدمات مستعار لی ہیں،سعودی حکومت کو لکھ کر اجازت دے دی گئی ہے ،راحیل شریف کی سعودی اتحاد کیلئے خدمات کی مدت ابھی طے نہیں ہوئی ،وزارت دفاع قواعد وضوابط طے ہونے کے بعد راحیل شریف کو جانے کی اجازت دے گی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اتحاد کے خدوخال واضح ہونا باقی ہیں ،مئی میں تمام اتحادی ممالک کے وزرائے دفاع کا اجلاس ہوگا جس میں اس اتحاد کے خدوخال واضح کئے جائیں گے ،ایران ہمارا برادر ملک ہے ،ہم ایسا کوئی اقدام نہیں کریں گے جس سے ایران
کے ساتھ تعلقات خراب ہوں ۔پی ٹی آئی سے متعلق سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اس کے حال پر چھوڑ دیں ان پر بات کرنا وقت کا ضیاع ہے ، تحریک انصاف والے دو سال تکپیپلزپارٹی سے فلرٹ کرتے رہے ان کی جو شہرت2013میں تھی اب وہ بھی کھو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حامد سعید کاظمی اور ایان علی کو عدالت نے رہا کیا ہے جبکہ ڈاکٹر عاصم کا کیس کراچی کی مقامی عدالت میں تھا اس میں وفاق کا کوئی عمل دخل نہیں تھا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلزپارٹی ویسے ہی فارغ ہو چکی ہے اس کے ساتھ ہمیں ڈیل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ،پیپلزپارٹی نے پنجاب میں پہلے کیا کر لیا جو اب کرے گی ، زرداری صاحب کو روحانی رہنمائی کی ضرورت ہوگی جس وجہ سے انہوں نے طاہر القادری سے رابطہ کیا ، میاں نوازشریف پہلے بھی کراچی جاتے رہتے ہیں اور اب جلسوں کیلئے انہیں وہاں کے ایم این اے بلا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری کارکردگی پہلے سے بہتر ہے اور آئندہ الیکشن میں بھی ہم ہی جیتیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ درگاہوں اور آستانوں کا معاملہ ریگولیٹ ہونا چاہیے ، قبروں کا کاروبار بند ہونا چاہیے ، لوگ درگاہوں پر اپنا سب کچھ لٹا دیتے ہیں ، گدی نشینی ایک کاروبار بن گیا ہے ، چند برگزیدہ بزرگوں کی ایماء پر آج کل کے گدی نشین لوگوں کو لوٹ رہے ہیں اور غریب عوام کے پیسے پر عیاشی کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایک بھائی گدی پر بیٹھتا ہے اور دوسرا کہتا ہے کہ اس کا ڈی این اے ٹیسٹ کروائیں یہ اصلی نہیں میں اصلی ہوں ،لوگوں کو بیوقوف بنا کر لوٹا جا رہا ہے ۔حسین حقانی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حسین حقانی امریکہ کی خوشنودی کیلئے پاکستان کے خلاف کچھ بھی کرسکتے ہیں ، حسین حقانی کی امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی اور ویزوں کے اجراء کے معاملے پر انکوائری ہونی چاہئیے تاکہ پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنے والے لوگ سامنے لائے جا سکیں ۔