اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) ایدھی فائونڈیشن کے بانی سربراہ مرحوم عبدالستار ایدھی کے پاس ایئر ایمبولنسز بھی تھیں، لیکن یہ سروس 80 کی دہائی کے آخر میں بند کردی گئی تھی۔تاہم اب عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی ملک میں اس سروس کا دوبارہ آغاز کر رہے ہیں، تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو ایمرجنسی اور آفات جیسی صورتحال میں جلد از جلد طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد کی جاسکے۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق فیصل ایدھی نےاس حوالے سے کہا ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے پاس 6 نشستوں والا پائپر سنیکا ایئرکرافٹ پہلے سے موجود ہے اور ایئر ایمبولنس کی سروس بحال ہونے کے بعد ادارہ مزید ایئرکرافٹس کی خریداری کا ارادہ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ایئرکرافٹ کو ایئر ایمبولنس کی سروس بند ہونے کے بعد تقریباً 23 سال قبل کراچی ایئرپورٹ پر کھڑا کردیا گیا تھا۔