لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ارفع کریم سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں ای-روزگار تربیتی پروگرام کا افتتاح کردیا۔اس پروگرام کے تحت صوبے کے 36 اضلاع میں کام کرنے والے 40 سینٹرز نوجوانوں کو آن لائن ملازمتوں کے حوالے سے تربیت فراہم کریں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس طرح کے 40 لاکھ سینٹرز ہونے چاہئیں تاکہ زیادہ سے
زیادہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کیا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور انھیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد پروگرامز شروع کر رکھے ہیں، آئی ٹی کی معلومات رکھنے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں نہ صرف ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ اپنے خاندانوں کا سہارا بھی بنے ہوئے ہیں، یہی ملک کو ترقی اور تبدیلی کے راستے پر گامزن کرنے کا راستہ ہے۔