پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک افغان طورخم بارڈر دو دن کھولنے کے بعد دوبارہ بند کر دیا گیا۔پچیس ہزار سے زائد افغان شہری وطن واپس چلے گئے اور ساڑھے آٹھ سو کے قریب پاکستانی کی واپسی ہوگئی۔افغان حکومت کی درخواست پر وفاقی حکومت نے انسانی بنیادوں پر دو روز قبل طورخم بارڈر کھولنے کی ہدایت کی تھی۔ اس سلسلے میں سات اور آٹھ مارچ کو چمن اور طورخم سرحد کو کھولا گیا جہاں سے صرف سفری کاغذات رکھنے
والوں کو آمد ورفت کی سہولت دی گئی ۔سرحدی حکام کے مطابق طورخم بارڈر سے دو دنوں میں پچیس ہزار سے زائد افغان شہری وطن لوٹے جبکہ افغانستان میں پھنسے آٹھ سو پچاس سے زائد پاکستانی بھی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔طورخم بارڈر کی دوبارہ بندش کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے ۔واضح رہے کہ سرحد پار سے دہشت گردوں کے مسلسل حملوں کو نہ روکنے پر پاکستان نے اکیس روز قبل افغانستان سے ملنے والی سرحد بند کردی تھی۔