اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت میں نوکری دلوانے کا جھانسہ دیکر شہریوں کے گردے نکال لینے والا گروہ گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے شہری کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے گردہ چور گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ خاتون سمیت تین رکنی گروہ روزگار فراہمی کمپنی کی آڑ میں بیروزگار نوجوانوں کو جھانسہ دیکر
اسلام آباد لاتا اور کھانے میں بیہوشی کی دوا ملا کر انہیں بے ہوش کر کے گردہ نکال لیتا تھا۔ اس گروہ کا انکشاف لاہور کے علاقے سندر کے رہائشی عاشق کی پولیس کو شکایت پر ہوا، عاشق نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان بابا روشن، عارف اور رانی بی بی نے اسلام آباد میں نوکری دلوانے کا جھانسہ دیکر اسے اسلام آباد لیجا کر بیہوش کر کے گردہ نکال لیا ، شک پڑنے پر جب اس نے اپنا چیک اپ کروایا تو اسے معلوم ہوا کہ اسے ایک گردہ سے محروم کر دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گردہ چور گروہ اس سے قبل بھی اس طرح کی وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ اسلام آباد میںاس گروہ کا نیٹ ورک موجود ہے جو کہ سادہ لوح بیروزگار نوجوانوں کو بیہوش کر کے ان کے گردے نکال رہا ہے۔