لاہور(این این آئی ) مسلم لیگ (ن ) کو خیر باد کہہ کر پیپلزپارٹی میں کیساتھ چلنے کا فیصلہ کرنے والے عرفان اللہ مروت نے کہاہے کہ میرے خلا ف خبریں چلوا کر آصف علی زرداری کی اتھارٹی کو چیلنج کیا گیا ،زرداری صاحب کی صاحبزادیوں کو میرے خلاف ورغلایا گیا ہے اور اس سے آصف علی زرداری کی سبکی ہوئی ،علاج کی غرض سے بیرون ملک ہوں واپسی پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کروں گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان اللہ مروت نے کہا کہ میں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا نہیں بلکہ ان کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ۔ آصف علی زرداری سے کافی عرصے سے رابطے میں تھا اور اب بھی ان سے ہونے والی ملاقات کوئی خاص نہیں تھی ۔انہوں نے پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی پرالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے میرے خلاف ٹی وی پر خبریں چلوا کر زرداری صاحب کی اتھارٹی کو چیلنج کیا اور زرداری صاحب کی بیٹیوں کو میرے خلاف ورغلایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ اگر میرے خلاف کوئی کیس ہے تو اس کو سامنے لایا جائے ایسی بے بنیاد باتیں نہ کی جائیں ۔عرفان اللہ مروت نے کہاکہ مجھے دل کا عارضہ لاحق ہے جس کے علاج کیلئے میں بیرون ملک آیا ہوں جلد ہی پاکستان واپس آکر آئند ہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، میں آصف زرداری سے پوچھوں گا کہ اگر ایسا ہی تھا تو بلایا کیوں تھا۔ میں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت نہیں کی صرف فیصلہ کیا ہے کہ ساتھ چلیں گے۔ مجھے زرداری صاحب نے بلایا تھا اور پارٹی کو مضبوط کرنے پر بات چیت کی تھی۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکا میں رہنی والی خاتون کو جانتا تک نہیں۔ وینا حیات سمیت جو بھی الزامات ہیں اس پر عدالتی کمیشن کی رپورٹ موجود ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے کچھ لوگ آصف زرداری کے اختیارات کو چھیننے کی کوشش کررہے ہیں۔