پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سابق ایم پی اے ضلع کوہستان محمود عالم کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو عوام نے تبدیلی کیلئے ووٹ دیا تھا ۔ تحریک انصاف گزشتہ اڑھائی تین سالوں سے نظام کی تبدیلی ، اداروں کی اصلاح اور حقدار کو اُس کا حق دینے کیلئے کھڑی ہے۔صوبائی حکومت نے اپنے ہر فیصلے میں عام آدمی کو مد نظر رکھا ۔
یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف پر عوام کا اعتماد روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔انہوں نے ہمیشہ عوامی فلاح کی سیاست کی ہے اور اُنہیں پتہ ہے کہ غریب آدمی کے مسائل کیا ہیں۔اُسے کہاں کہاں پریشانی درپیش ہوتی ہے ۔ امیر آدمی کو کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ اُس کے پاس دولت، سفارش اور بہت سے طریقے ہوتے ہیں جن سے وہ کام نکال لیتا ہے مگر غریب کیلئے ہمیشہ مسائل ہوتے ہیں۔ ہم نے غریب آدمی کو انصاف دینے ، حقدار کو اُس کا حق دینے ، میرٹ کی بالاد ستی ، اداروں میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی ۔ ہم نے ایک مضبوط بنیاد ڈال دی ہے اسے مزید مضبوط کرنا ہے ۔ہم لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور وسائل عام آدمی کی فلاح میں خرچ کر رہے ہیں۔ اصلاحات کے اس عمل میں عوام کا تعاون درکار ہے جہاں کہیں غلط کام دیکھیں اُس کی رپورٹ دیں ۔اُس کا حساب کتاب حکومت کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ضلع کوہستان تحصیل داسو کے100 رکنی نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایم پی اے مولانا عصمت اﷲ، ایم پی اے شوکت یوسفزئی ، تحریک انصاف کے ڈویژنل صدر زرگل خان ، سابق ایم این اے گلگت بلتستان حمایت اﷲ خان ،روزی خان ایڈوکیٹ ، تحصیل ناظم داسو نور ولی شاہ اور تحصیل داسو کے عمائدین اس موقع پر موجود تھے ۔سابق ایم پی اے محمود عالم نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں بلا مشروط شمولیت کا اعلان کیا ۔
واضح رہے کہ محمود عالم کے بھائی ڈاکٹر سیف الرحمن ضلع ناظم بھی رہ چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے محمود عالم کو خاندان اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہونے کے فیصلے کا خیرمقد م کیا اور کہاکہ اُن کا یہ فیصلہ درست ثابت ہو گا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ انکی حکومت کے جملہ اقدامات ، اصلاحات اور قوانین سازی کے عمل میں عام آدمی کی فلاح کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ گزشتہ تین سالوں میں ہماری بھر پور کوشش رہی ہے کہ عام آدمی کو صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات میسر ہوں۔ تھانے میں اس کو عزت ملے، حقدار کو اس کا حق ملے ، غریب کیلئے آسانیاں پید اہوں ۔ یہی تبدیلی ہے جس کیلئے ہم جدوجہد کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کی ۔ اختیارات اداروں کو منتقل کئے۔خدمات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو توڑا۔ صوبائی محکموں میں آزاد اور با اختیار بورڈز بنائے جن میں پرائیوٹ سیکٹر کو بھر پور نمائندگی دی۔ یہ حکومت کے تاریخی اقدامات ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ پرویز خٹک نے کہاکہ ماضی کی کسی حکومت نے اپنے اختیارات نہیں دیئے
مگر ہم نے تمام اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے۔ ترقیاتی بجٹ کا تیس فیصد مقامی حکومتوں کو دیا۔ حکومت نے ایک سسٹم دے دیا ہے۔ جو اس سسٹم کو سمجھنے کی کوشش کرے گااس کو فائدہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت نے نا انصافی ، میرٹ کی خلاف ورزی، کرپشن کے خلا ف ادارے بنا دیئے ہیں جوڈیلیور کر رہے ہیں۔ ان قوانین سے عوام کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ظلم اور نا انصافی کے چنگل سے نکل سکیں ۔ اصلاحاتی اقدامات کے نتائج حاصل کرنے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ عوام قوانین کی خلاف ورزی اور نا انصافی کی صورت میں متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ اینٹی کرپشن، احتساب کمیشن اور شکایات سیل جیسے اہم فورمز موجود ہیں۔ خدمات بروقت فراہم نہ کرنے پر ذمہ دار کو جیب سے جرمانہ دینا پڑے گا۔