پشاور(آئی این پی )جماعت اسلامی فاٹا کے سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان نے کہا ہے کہ پشاور میں آج 26فروری کوگورنر ہاؤس کے سامنے ہونے والے سہ روزہ دھرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ دھرنے سے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سنیٹر سراج الحق سمیت جماعت اسلامی کے صوبائی اور فاٹا کے رہنما خطاب کریں گے۔
المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں محمد جبران سنان نے کہا کہ دھرنے کے لئے تمام انتظامات کو آخری شکل دے دی گئی ہے جبکہ سٹیج بھی تیار کرلیا گیا ہے جبکہ شرکاء4 دھرنا کے بیٹھنے کے لئے کرسیاں گورنر ہاؤس کے سامنے لگادی گئی ہیں۔ سہ روزہ دھرنے کا آغاز صبح دس بجے ہوگا۔ دھرنے کے دوران سڑک ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند ہوگی۔ انہوں نے انتظامیہ سے ٹریفک کے لئے متبادل روٹ کے انتظام کا مطالبہ کیا۔ دھرنے سے جماعت اسلامی پاکستان امیر سینیٹر سراج الحق، صوبائی امیر مشتاق احمد خان ، جماعت اسلامی فاٹا کے امیر حاجی سردار خان، سینئر وزیر عنایت اللہ خان سمیت دیگر رہنما اور قبائلی عمائدین خطاب کریں گے۔