اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے پاک فوج کی جانب سے آپریشن ضرب عضب کے بعد آپریشن ردالفساد شروع کرنے کا اعلان سامنے آتے ہی 50مفتیان کرام نے بھی اس آپریشن بارے فتویٰ جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے پاک فوج کی جانب سے آپریشن ردالفساد
شروع کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی 50مفتیان کرام نے اس کے حق میں فتویٰ جاری کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین محمد ضیاالحق نقشبندی نے تنظیم کے شریعہ بورڈ سے آپریشن ردالفساد بارے رائے طلب کی تھی جس پر شریعہ بورڈ جو کہ 50سے زائد مفتیان کرام اور شیوخ الحدیث پر مشتمل تھا نے پاک فوج کے آپریشن ردالفساد کے حق میں فتویٰ جاری کیا۔ فتویٰ میں آپریشن رد الفسادکو شریعت کی روشنی میں درست قرار دیتے ہوئےکہا گیا ہے کہ بدامنی پھیلانے والے فساد فی الارض کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اہل وطن کی حفاظت اسلامی مملکت اور فوج کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر مفتیان کرام اور شیوخ الحدیث نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔