اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دہشت گردوں کی سرحد پار سے آمد و رفت روکنے اور فیصلہ کن کارروائی کے لئے پاک فوج نے افغان سرحد سے متصل علاقوں پر سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے بھاری توپ خانہ بھی سرحد پر پہنچا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کے بعدپاک فوج نے پاک افغان سرحد کی مئوثر نگرانی کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ سیکیورٹی
فورسز کی پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے اور ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کیلئے پاک فوج کابھاری توپ خانہ بھی سرحد پرپہنچ گیا ہے۔واضح رہے کہ پہلے لاہور اور پھر سہون میں لعل شہباز قلندر پر ہونے والے خود کش حملے کے تانے بانے افغانستان سے جا ملنے کے شواہد کے بعد ملک بھر میں کومبنگ آپریشن میں 100سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے جبکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے افغانستان میں کالعدم تنظیم جماعت الاحرار اور ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں متعدد اہم دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی۔