لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ڈرگ ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے عوام سے بڑی اپیل کر دی۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈرگ ایکٹ میں ترمیم جعلی اور غیر معیاری ادویات کی تیاری کو روکنے کیلئے کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ
ڈرگ مافیا کو معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ غریب مریض غیر معیاری اور جعلی ادویات کی وجہ سے موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔ اس کے برعکس وہ ادارے جو معیاری اور اصل ادویات کی تیاری میں مصروف ہیں انہیں حکومتی و عوامی سطح پر سراہا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کیخلاف اس جہاد میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ لاکھوں انسانوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔