کراچی (آئی این پی)کراچی کے علاقے کے ڈی اے چورنگی کے قریب نجی ٹی وی چینل کی ٹیم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کیمرہ مین جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو واقعہ کے ڈی اے چورنگی کے قریب پیش آیا جس کے بعد زخمی ہونے والے اسسٹنٹ کیمرہ مین کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
بعد ازاں یہ رپورٹ سامنے آئی کہ زخمی ہونے والا اسسٹنٹ کیمرہ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ٹی وی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ کیمرہ مین کا نام تیمور تھا۔خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ہی فائیو اسٹار چورنگی پر شاہراہ نورجہاں تھانے کی بکتر بند گاڑی پر مبینہ کریکر حملہ ہوا تھا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔اس واقعے کی کوریج کے لیے میڈیا ٹیمیں فائیو اسٹار چورنگی کی جانب روانہ ہوئی تھیں تاہم دہشت گردوں نے نجی ٹی وی کی سیٹلائٹ وین کو بھی نشانہ بنا ڈالا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے پیچھے سے وین کو نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔فائیو اسٹار چورنگی پر شاہراہ نورجہاں تھانے کی موبائل پر مبینہ کریکر حملے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیا تھا اور ڈی آئی جی ویسٹ سے فوری طور پر انکوائری رپورٹ طلب کی تھی۔آئی جی سندھ نے ایس ایس پی وسطی کو بھی ہدایات جاری کی تھیں اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر اقدامات کو انتہائی مربوط اور مثر بنانے کا حکم دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی میڈیا وین پر حملے کا واقعہ رونما ہوگیا۔