لاہور(آئی این پی)بھارت ، ورلڈ بنک اور امریکہ کی سندھ طاس معاہدہ 1960ء کو سبوتاز کرنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،بھار ت کی پاکستان کو بنجر کرنے سازش صرف دیوانے کا خواب ہی رہے گا، ہم بھارتی آبی جا رحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں ،بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے ، اپنی جانوں پر کھیل کر کشمیر کی آزادی کی جنگ اور پانی کی جنگ لڑیں گے،
پاکستان کاایک ایک بچہ مو دی سے بدلہ لے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان متحدہ کسان محاذ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں’’ سندھ طاس معاہدہ اور بھارت کی آبی جارحیت ‘‘کے موضوع پر منعقدہ اجلاس سے مختلف کسان تنظیموں کے رہنماؤں نے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سربراہ پاکستان متحدہ کسان محاذ ایو ب خان میو،صدر پاکستان کسان کونسل علی بہادرکھچی، صدر پاکستان کسان بورڈچوہدری نثار احمد،صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمودکھوکھر،صدر پاکستان کسان فرنٹ چوہدری طاہر گجر، صدر انجمن کاشتکاران پنجاب چوہدری نذیر گجر، وائس چیئرمین بلوچستان زمیندارایکشن کمیٹی نور احمد بلوچ، نمائندہ اتحاد زمینداران خیبرپختونخواہ جان نثار خلیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سربراہ پاکستان متحدہ کسان محاذ ایو ب خان میونے کہا کہ بھارت ، ورلڈ بنک اور امریکہ کی سندھ طاس معاہدہ 1960ء کو سبوتاز کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں لیکن ہم ان کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،بھارت امریکہ اور ورلڈ بنک گٹھ جوڑ پاکستان کو صحرا میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ، عنقریب مودی ٹرمپ ملاقات میں یہ ساز ش تیار کی جائے گی جسے ہم اپنی جانوں پر کھیل کرنا کام بنا دیں گے ۔
بھارت چناب اور جہلم پر 60سے زائد ڈیمز بنا چکا ہے،اس کی پا کستان کو بنجر کرنے کی سازش صرف ایک دیوانے کا خواب ہی رہے گا،لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے بھارت سے ساز باز کی اور پا کستان کے پانی کے حقوق پر سمجھوتا کیا ، یہ پا کستان کے حقوق کو بیچتے ہیں جس کی پر زور مذمت کرتا ہوں۔ صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمودکھوکھرنے کہا کہ بھارت پاکستان کو آبی جارحیت کا شکار کرنا چاہتا ہے لیکن ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں ،ہم نے پانی کی بھی جنگ لڑنی ہے اور کشمیر کی آزادی کی جنگ بھی لڑنی ہے ، پاکستان کسان اتحاد پاکستان کے پانی کی جنگ لڑے گا۔ وائس چیئرمین بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی نور احمد بلوچ نے کہا کہ بھار ت پاکستان کو ریگستان بنا نا چاہتا ہے ، بھارت کی وجہ سے بلوچستان کے علاقے بنجر ہو چکے ہیں ، ریگستان بن چکا ہے لیکن ہم بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے ، پاکستان کاایک ایک بچہ مودی سے بدلہ لے گا، آج کشمیر کے محافظو ں کو پابندی سلا سل کیا جا رہا ہے ، حکومت کے اس فعل کی پر زور مذمت کر تے ہیں، اب یہ تحریک نہیں رکے گی چاہے ہمیں جیلوں میں بھی ڈال دیا جائے ۔