اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جس نے محنت کی فیتہ بھی وہی کاٹے گا۔ آپ بھی اپنا حصہ ڈالو اور ملک کے خلاف سازشیں کرنا چھوڑ دیں۔ جب سب اچھا ہو گا تو وزیراعظم فیتے نہیں کاٹے گا تو اور کیا کرے گا، میاں نواز شریف کے کپتان پرشدید تنقید۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے بھکھی تھرمل پاور پلانٹ فیز ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب
کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہو گئی ہے اور آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ وزیراعظم نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا جس نے محنت کی فیتہ بھی وہی کاٹے گا۔ آپ بھی اپنا حصہ ڈالو اور ملک کے خلاف سازشیں کرنا چھوڑ دیں۔ جب سب اچھا ہو گا تو وزیراعظم فیتے نہیں کاٹے گا تو اور کیا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ خوشی ہے ہماری محنت رنگ لا رہی ہے۔ پاکستان میں بڑی تیزی سے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بھکھی پاور پلانٹ کا 84 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ عملے نے تیز کام کرنے کی مثال قائم کر دی ہے۔ ماضی میں ایسے منصوبوں کی لاگت زیادہ تھی مگر بروقت اور جلد کام نے منصوبوں کی لاگت کم کر دی ہے۔ہمارے منصوبوں پر شفافیت اور بچت کی مثال دی جائے گی۔ بھکھی پاور پلانٹ سے ملنے والی بجلی کی قیمت چھ روپے یونٹ ہو گی۔آج بین الاقوامی جریدے پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا حویلی بہادر شاہ کا منصوبہ بھی پایہ تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ اس سے قبل گورنر ہاؤس پنجاب میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ترقیاتی پراجیکٹس پر کام کی رفتار اور شفافیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے سے مل کر ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے۔ پروگرام پر موثر عملدرآمد شہریوں کے معیار زندگی میں مزید بہتری لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر کرنا ہمارا مشن ہے اور اللہ کی مدد سے اس پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔