اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں اب گرجنے برسنے کی ضرورت نہیں،الطاف حسین سیاستدان نہیں مافیا تھا، اردو بولنے والوں کے ساتھ ظلم کیا،،عمران دن رات وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں،آئی جی سندھ ریـٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں آنا چاہتے ہیں،رائو انوارسے کچھ بعید نہیں کہ وہ سلیم شہزاد کو الطاف حسین کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنا لیں۔الطاف حسین قاتل، کراچی کو تباہ کر دیا، چٹکی بجا کر شہر بند اور تالی بجا کر کھولا کرتا تھا،
کراچی سے کاروبار اور پیسے کی منتقلی کا ذمہ دار الطاف حسین ہے، سینیٹرشاہی سید ،سینیٹر میاں محمد عتیق ،فردوس شمیم نقوی کا نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اے این پی کے سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن میں ابھی تک دہشتگردوں کے معاون اور ماسٹر مائنڈ نہیں پکڑے جا سکے، کراچی میں مستقل امن کیلئے ان کا پکڑا جانا بہت ضروری ہے۔ الطاف حسین سیاستدان نہیں بلکہ ایک مافیا تھے انہوں نے اردوبولنے والوں کے ساتھ ظلم کیا، پاکستان میں اردو بولنے والے سب سے زیادہ پڑھے لکھے اور مہذب سمجھے جاتے تھے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے اداروں میں سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں، اداروں میں سرکاری ملازم نہیں بلکہ تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر میاں محمد عتیق نے کہا کہ عمران خان آج بھی وہی باتیں کر رہے ہیں جو 2013میں کر رہے تھے،انہیں پہلے تو ووٹ پڑ گئے تھے مگر اب نہیں ملیں گے، پی ٹی آئی خواہشات پر سیاست کرتی ہے اگر ایسا ہوتا تو آج عمران خان وزیراعظم ہوتے۔عمران خان دن رات وزیراعظم بننےکے خواب دیکھتے ہیں۔ آئی جی سندھ رائو انوار کی طرح اداکاری کررہے ہیں ممکن ہے مستقبل میں سیاست میں آنے کا ارادہ رکھتے ہوں، الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ بارے
ایم کیو ایم لندن جواب دے سکتی ہے ، منی لانڈرنگ کی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وقت بتائے گا کہ کیا حقیقت ہے ، کیس زوروشور سے شروع ہوا اور اس کا انجام سب کے سامنے ہے، سلیم شہزاد کے ’’را‘‘سے تعلقات کے اعتراف سے متعلق انہوں نے کہا کہ رائو انوار سے کچھ بعید نہیں کہ وہ سلیم شہزاد کو الطاف حسین کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنا لیں
وہ ہتھکڑی پہنے ملزمان کیساتھ پولیس مقابلہ کر سکتے ہیں تو سلیم شہزاد سے یہ منوانا ان کیلئے کچھ مشکل نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ وہ الطاف حسین کو قاتل سمجھتے ہیں انہوں نے ملک اور شہر کو تباہ کیا، کراچی کو چٹکی بجا کے بند اور تالی بجا کر کھولا کرتے تھے ، ایک سال کے دوران الطاف حسین نے شہر میں 127دن
ہڑتال کروائی۔خراب حالات کی وجہ سے کراچی سے کاروبار اور پیسے کی منتقلی کے ذمہ دار الطاف حسین ہیں، منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین کو بچانے والا ملک انڈیا ہے جس کے برطانیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی وسیم اختر اختیارات کا رونا رو رہے ہیں ، جن اداروں کے اختیارات ان کے پاس ہیں وہاں کونسا کام ہو رہا ہے؟
وسیم اختر صرف اخبارات میں نظر آتے ہیں، ایم کیو ایم نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آکر شہر کو اسٹیٹس کو سے باہر نکالے گی اورشہر کی صورتحال بدل دیں گے۔