اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے نارروال میں 13سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اورہلاکت کی پرزورمذمت کی ہے ۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنماعلیم خان نے کہاہے کہ یہ بھیانک واقعہ حکومت پنجاب کی گڈگورننس کے منہ پرایک طمانچہ ہے ۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ 13سالہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزمان کی عدم گرفتاری انتظامیہ کی نااہلی کامنہ بولتاثبوت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں جنگل راج چل رہا ہےاورشریف برادران روز جھوٹی تقریروں سے اپنی بیڈ گورننس چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔علیم خان نے کہاکہ حکومت روز قرضے پر قرضہ لے رہی ہے جن کا حجم 74ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے قرضے لینے کی خاطرموٹروے تک کوبھی گروی رکھوادیاہے جس موٹروے کے وہ کل تک گن گاتے تھے ۔علیم خا ن نے مزیدکہاکہ ملک کے 3بڑے ائیرپورٹس کی نجکاری کرنا حکومت کی معاشی بدحالی کامنہ بولتاثبوت ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان ہی پاکستان کواندھیروں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔