لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے 10مارچ کو دورہ ملتان کے موقع پر سیاسی شخصیات کی پارٹی میں شمولیت کیلئے کاوشیں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے پارٹی سربراہ بلاول بھٹو کے مارچ میں دورہ ملتان کو کامیاب بنانے کے لئے ابھی سے تیاریوں کو آغاز کردیا ہے
جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود ،گیلانی خاندان نے کارکنوں سے روزانہ کی بنیادوں پر رابطے شرو ع کر دئیے ہیں جبکہ ناراض رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی منایا جارہا ہے۔ ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری کے دورہ ملتان کے موقع پر سیاسی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کرانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے رابطے جاری ہیں۔ امکان ہے کہ بہاولپور سے سابق وفاقی وزیر فاروق اعظم بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں جبکہ ملک حسن راں اورملک غلام عباس جو پہلے ہی پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کر چکے ہیں بلاول بھٹو کے دورہ ملتان کے موقع پر باضابطہ اعلان کریں گے۔