اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اورسربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے دائمی وارنٹ جاری کر دیئے۔ایس ایس پی عصمت اللہ تشدد کیس کی سماعت کے دوران پولیس رپورٹ پر دونوں رہنماؤں کواشتہاری ملزم قراردے دیا گیا۔
دھرنے کے دوران کارکنوں کی جانب سے ایس ایس پی عصمت اللہ پر تشدد کیس کے کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان اورڈاکٹر طاہر القادری کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ۔ پولیس رپورٹ میں عمران خان اور طاہرالقادری کو اشتہاری ملزم قرار دیا گیا ہے۔انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج سہیل اکرام کی عدالت میں پولیس نے اخبار میں اشتہارجاری کرنے سے متعلق رپورٹ جمع کرائی ۔ ڈھائی سال گزرنے کے باوجود عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو گرفتار کرنے میں وفاقی پولیس تاحال ناکام ہے۔ عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بعد فائل داخل دفترکردی۔ دونوں ملزمان کی گرفتاری کے بعد کیس کا ٹرائل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔عمران خان اور طاہرالقادری کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج ہوا تھا ۔ ڈھائی سال کے دوران عدالت نے ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کے احکامات متعدد مرتبہ جاری کیے لیکن وفاقی پولیس تعمیل میں ناکام رہی۔