اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پسند کی شادیاں تو فلموں میں کامیاب نہیں ہوتی تو حقیقی زندگی میں کیسے کامیاب ہوں گی؟وکیل صاحب آپ نوجوان لڑکے لڑکیوں کو سمجھاتے کیوں نہیں، جسٹس فاروق شاہ نوجوان جوڑے پر برہم۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پسند کی شادی کا معاملہ عدالت پہنچ گیا۔۔ بینچ نے اہل خانہ کی مخالفت اور پسند کی شادی پر ناپسندیدگی کا اظہار کر دیا۔ جسٹس فاروق شاہ نے کہا کہ پسند کی شادیاں تو فلموں میں کامیاب نہیں ہوتی تو حقیقی زندگی میں کیسے کامیاب ہوں گی،کچھ عرصہ بعد طلاق کیلئے آ جاتے ہیں۔ سماعت کے دوران جسٹس فاروق شاہ اوروکیل کے درمیان دلچسپ مکالمہ سننے کو آیا جب جسٹس فاروق شاہ نے کہا کہ وکیل صاحب آپ معاشرے کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں اور نوجوان لڑکے لڑکیوں کو سمجھایا کریں۔ عدالت نے دادو کی رہائشی بتول کو اپنے شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت کا پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے اور دادو پولیس کو دو ہفتے میں جواب دینے کا حکم دے دیا۔