اسلام آباد (آئی این پی)راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے)کے انتخابات 2017ء میں بھی جرنلسٹ پینل نے کلین سویپ کیا۔ افضل بٹ 872 ووٹ لے کر صدر، علی رضا علوی 789 کے ساتھ جنرل سیکرٹری جبکہ اصغر چوہدری 835 ووٹ لے کر فنانس سیکرٹری منتخب ہو گئے۔
انتخابی گہماگہمی عروج پر رہی، جڑواں شہروں کے 1409 صحافیوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ رات گئے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ آزاد پینل کے امیدوار برائے صدر شہریار خان نے نتائج تسلیم کرتے ہوئے صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں منتخب کابینہ کے ساتھ چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نومنتخب صدر افضل بٹ نے اعلان کیا کہ صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد اب سڑکوں پر کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے)کے انتخابات 2017ء کے پولنگ کا عمل صبح دس بجے شروع ہوا جو شام 7:30 بجے تک مسلسل جاری رہا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں الیکشن کمیٹی نے تین پولنگ بوتھ بنائے۔ لمبی لمبی قطاروں میں صحافیوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انتخابات میں جرنلسٹ پینل اور آزاد پینل کے درمیان مقابلہ جاری رہا۔ جبکہ مندوبین کے لئے دو سو بارہ امیدواروں نے حصہ لیا۔ انتخابی عمل مکمل پرامن انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچا۔ جس کے بعد گنتی کا عمل شروع ہوا جو صبح چار بجے تک جاری رہا۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی اقبال جعفری نے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق جرنلسٹ پینل نے کلین سویپ کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ صدارت کے لئے تین امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا جس میں افضل بٹ نے 872 ووٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ مدمقابل آزاد پینل کے صدارتی امیدوار شہریار خان 506 ووٹ لے سکے۔
جنرل سیکرٹری کی نشست پر ون ٹو ون مقابلے میں علی رضا علوی نے 789 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ آزاد گروپ کے شکیل قرار 597 ووٹ لے سکے۔ فنانس سیکرٹری پر بھی ون ٹو ون مقابلے میں جرنلسٹ پینل کے اصغر چوہدری نے 835 ووٹ جبکہ مدمقابل آزاد پینل کے شاہد سرا 440 ووٹ حاصل کر سکے۔ جرنلسٹ پینل کے نائب صدر کے امیدوار ناصر ہاشمی 854 ووٹ لے کر سینئر نائب صدر جبکہ صغیر چوہدری 765 ووٹوں کے ساتھ نائب صدر منتخب ہوئے۔ آزاد پینل کے عبدالستار چوہدری نے 419 ووٹ حاصل کئے۔ جوائنٹ سیکرٹری پر جرنلسٹ پینل کے جاوید سومرو 862 ووٹ لے کر سینئر جوائنٹ سیکرٹری جبکہ خالد گردیزی 735 ووٹ لے کر جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔ آزاد پینل کی عائشہ خان نے اس نشست پر 593 جبکہ اسد اشرف نے 404 ووٹ حاصل کئے۔ گورننگ باڈی کے عامر عباسی، فہیم زبیر عباسی، عاصم یاسین، مدثر راجہ، شازیہ نیئر، سید ثمر عباس، طارق علی ورک، زین ہاشمی، طلعت فاروق اور وحید رسول چوہدری کامیاب قرار پائے۔ الیکشن نتائج کے بعد خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر افضل بٹ نے کہا کہ جڑواں شہروں کی صحافتی برادری نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اللہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ قلم کے مزدوروں کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہیں جلد ہی اس پر ایک لائحہ عمل دیں گے۔
انہوں نے انتخابی عمل میں آزاد گروپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آر آئی یو جے کے الیکشن میں پورے ملک میں ایک مثبت پیغام گیا ہے۔ اس سے پی ایف یو جے کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ آزاد پینل کے صدارتی امیدوار شہریار خان نے نتائج تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی پر جرنلسٹ پینل کے قائد اور نومنتخب صدر افضل بٹ، جنرل سیکرٹری علی رضا علوی اور تمام منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں کے صحافیوں نے پرامن انداز میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور ایک مقابلہ ہوا اگر مقابلہ نہ ہوتا تو الیکشن کا مزہ نہ آتا۔ انہوں نے کہا میری خواہش ہے کہ تنظیم ایک ہو جائے۔ ہم آر آئی یو جے کی نئی قیادت کو صحافیوں کے حقوق کے لئے کی جانے والی جدوجہد میں اپنی غیر مشروط حمایت کا یقین دلاتے ہیں ہمارا مقصد تنظیم کو مضبوط کرنا ہے۔ سابق صدر آر آئی یو جے وقار ستی نے جرنلسٹ پینل کو کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج منہاج برنا، کے ایچ راشد کی ارواح ہم سے خوش ہوں گی ایک جمہوری عمل مکمل ہوا۔ ہم امید کرتے ہیں اس تنظیم کو صحافیوں کے حقوق کا محافظ بنایا جائے گا اور افضل بٹ ہمارے بھائی اور قائد ہیں وہ تمام دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں گے۔ صحافیوں کے حقوق کی ترجمان صرف ایک ہی تنظیم ہے جس کا نام پی ایف یو جے ہے اور اس کے قائد مرحوم منہاج برنا ہیں۔
ہم جمہوری عمل کا تسلسل اور یونیفیکیشن کا عمل جلد چاہتے ہیں۔ اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے کہا کہ شہریارخان اور وقار ستی ہمارے نظام کا حصہ تھے، افضل بٹ کے ساتھ ساتھ ان دونوں کو بھی جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لینے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی اقبال جعفری نے نتائج کے اعلان کے بعد تمام گروپوں کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
سبکدوش ہونے والے صدر آر آئی یو جے اور نومنتخب جنرل سیکرٹری علی رضا علوی نے کہا کہ ہم نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کبھی مصلحت سے کام نہیں لیا، تنخواہوں میں تاخیر کا معاملہ ہو یا جبری برطرفیوں کا، چینلز کی بندش کا معاملہ ہو یا صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ کے معاملات، ہم ہمیشہ آواز اٹھاتے رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے جنرل سیکرٹری بلال ڈار نے کہا کہ آر آئی یو جے جڑواں شہروں کے صحافیوں کے حقوق کی نگہبان ہے اور امید ہے کہ نومنتخب عہدیداران صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کا عمل جاری رکھیں گے۔