اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے کسانوں، کم آمدن والے شہریوں، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور ہاؤسنگ شعبے کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی بہتر بنانے کی ہدایت کردی ہے، جس سے مالی مشکلات سے دوچار طبقات کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ’’اپنا گھر اسکیم‘‘، زرعی شعبے اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سے متعلق مختلف اقدامات اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ کسانوں اور ہاؤسنگ سیکٹر سے وابستہ افراد کے لیے قرضوں کے حصول کا عمل آسان بنایا جائے۔ حکومت نے ایسے بینکوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو کسانوں اور کم آمدن والے شہریوں کو قرضوں کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زراعت ملکی معیشت کا اہم ستون ہے، اس لیے کسانوں کو مالی وسائل کے حصول میں غیر ضروری رکاوٹوں کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے زرعی ترقی کے لیے بروقت اور آسان شرائط پر قرضوں کی دستیابی کو ناگزیر قرار دیا۔
اجلاس میں کم اور متوسط آمدن رکھنے والے افراد کے لیے مناسب اور کم لاگت رہائش کی فراہمی کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے صوبوں میں موجود املاک کا جامع سروے مکمل کیا جائے۔
حکومت کے مطابق املاک کے سروے کے بعد بینک ’’اپنا گھر اسکیم‘‘ کے تحت شہریوں کو قرض فراہم کریں گے، جس سے محدود آمدن رکھنے والے افراد کے لیے گھر کی تعمیر اور رہائش سے متعلق مالی سہولت حاصل کرنا آسان ہوگا۔
دوسری جانب سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے لیے بھی مالی سہولتوں تک رسائی بڑھانے پر زور دیا گیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کسانوں، کم آمدن والے طبقات، کاروباری اداروں اور ہاؤسنگ سیکٹر کو آسان قرضوں کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات معیشت کے مختلف شعبوں میں مالی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔



















































