لاہور(آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس طارق عباسی نے چھ افراد کے قتل میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی عابد رضا سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی اپیلوں پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس کو بجھوا دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو حکومتی رکن قومی اسمبلی عابد رضا سمیت دیگر کی اپیلوں پر سماعت شروع ہوئی تو بنچ کے سربراہ جسٹس طارق عباسی نے اپیلوں پر کارروائی سے معذرت کرلی اور قرار دیا کہ مناسب ہے کہ ان اپیلوں پر وہ بنچ سماعت کرے جو اس سے پہلے ان پر سماعت کرچکا ہے۔جسٹس طارق عباسی نے کہا کہ پرانا بنچ ان اپیلوں کی نصف سے زیادہ سماعت کر چکا ہے، بنچ کے سربراہ نے اپیلیں اس سفارش کے ساتھ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بجھوا دیں تاکہ ان اپیلوں کو اسی بنچ کے روبرو سماعت کیلئے بجھوائی جائیں جو بنچ اس سے پہلے ان پر سماعت کر رہا تھا، عدالت نے تمام اپیلیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دیں۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 5 ماہ قبل ملزموں کی بریت کی اپیلوں کو ازسرنو سماعت کیلئے ہائیکورٹ کو بھجوایا تھا، لیگی ایم این سمیت 4 ملزموں پر چھ افراد کے قتل کا الزام ہے۔