نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی صد ر پرناب مکھر جی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے دراندازی کو روکنے کیلئے لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب بھارت کی طرف سے سرجیکل سڑائیکس اپنی علاقائی خودمختاری پر بار بار حملوں کے بعدایک منہ توڑ جواب تھا۔
منگل کو بھارتی میڈیاکے مطابق دونوں ایوانوں راجیہ اور لوک سبھا کے مشترکہ بجٹ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے صدر پرناب مکھرجی نے کہا کہ بھارت کو گزشتہ 4دہائیوں سے جموں وکشمیر میں سرحد پار حملوں سمیت دہشتگردی کے خطرناک چیلنجزکا سامنا ہے ۔بھارت دہشتگرد قوتوں کو شکست دینے کیلئے دوسری قوموں کے ساتھ تعاون کرے گا۔انکا کہنا تھا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ اور اسطرح کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہے ۔پرناب مکھر جی نے کہاکہ میری حکومت نے اپنی علاقائی خودمختاری پر بار بار حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں۔