اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ضلع ہٹیاں بالا کی تحصیل لیپہ ویلی کے بازار میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی سےکروڑوں روپے مالیت کی 90دوکانیں7 رہائشی مکانات، محکمہ خواراک کے آٹے کا گودام، ایک درجن گاڑیاں اور موٹر سائیکل،ایک ہوٹل جل کر راکھ ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کے آبائی ضلع ہٹیاں بالا
کی وادی لیپہ کے بازار میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی جس نے فورا ہی لکڑی سے بنی ہوئی دوکانوں اور گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجہ میں 90دوکانیں، 7رہائشی مکانات، سرکاری آٹے کے گودام کی عمارت سمیت ان میں موجود کرڑوروں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔شدید برف باری کے باعث گذشتہ تین ہفتوں سے وادی لیپاء کا ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا اور دارالحکومت مظفرآباد سے پہلے ہی رابطہ منقطع ہے آتشزدگی کے باعث آپٹیکل فائبر کے جل جانے سے ٹیلی فون، انٹر نیٹ اور بجلی کا نظام بھی مکمل طور پر بند ہو گیا، جس کے بعد لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے۔پاک فوج، پولیس اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا۔ موسم سرما میں برفباری کے باعث وادی لیپاء کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے لوگ اپریل تک کا اشیاء خوردونوش ذخیرہ کر تے ہیں آتشزدگی کے باعث ذخیرہ کیا گیا، تمام راشن جلنے سے لوگوں کو شدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لیپا ویلی کے بزرگ رہنما سینئر قانون دان سپریم کورٹ عبد الرشید کرناہی ایڈوکیٹ، پیپلز پارٹی لیپہ کے مقامی رہنماء و تاجر عبدالرحمن ساغر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر وادی لیپہ میں آتشزدگی کی اعلی سطحی تحقیقات کروائے کہ آگ لگنے کی بنیادی وجہ کیا ہے اور فوری طور پر حکومت وادی لیپہ میں
غذائی اشیاء کی فراہمی کے لیے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرے تاکہ لوگ غذائی قلت کا شکار نہ ہوں۔انھوں نے کہا کہ کہ آتشزدگی کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کو ان کے نقصان کے مطابق معاوضوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے کہ لوگ نئے سرے سے اپنا کاروبا ر شروع کر سکیں دریں اثنا لیپہ میں خوفناک آتش زدگی کا وزیر خوراک نے نوٹس لے لیا۔
محکمہ خوراک کو متاثرہ علاقے میں تمام ترسہولیات فراہمی کا حکم، علاقہ میں کسی قسم کی اشیاء خوردونوش کی قلت برداشت نہیں کرینگے، وادی میں آتشزدگی نتیجہ میں خوراک کابحران پیدا نہ ہونے دیاجائے لیپہ کے عوام کو آٹا فراہمی کیلئے محکمہ تمام تروسائل بروئے کار لائے۔گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خوراک آزاد کشمیر سید شوکت شاہ نے
کہاہے کہ لیپہ ویلی میں آتشزدگی سے بڑا نقصان ہوا۔ محکمہ خوراک کا اسٹا ک کردہ 120 ٹن آٹا جلنے کے باوجود لیپہ کے عوام کیلئے 1 ماہ کا آٹامزید دستیاب ہے، وادی لیپہ کے عوام کو کسی صورت آٹے کی قلت نہیں ہونے دینگے۔