اسلام آباد(آئی این پی) وزیر مملکت،نجکاری کمیشن کے چیئرمین اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر کے بڑے بھائی محمد زبیر عمر کو سندھ کا نیا گورنر بنا دیا گیا ہے ، انہیں گورنر مقرر کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کی صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات میں کیا گیاجب کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کو زبیر عمر کو سندھ کا نیا گورنر مقرر کرنے کی تجویز دی تھی
جس سے وزیر اعظم نے اتفاق کر کے ان کے تقرر کا فیصلہ کیا،نئے سندھ کے گورنر کے تقرر کی ایڈوائس ایوان صدر بھجوا دی گئی ہے اور جلد نئے گورنر سندھ کا نوٹیفکیشن ہو جائے گا اس ضمن میں زبیر عمر نے بھی تصدیق کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کے انتقال کے باعث گورنر سندھ کا عہدہ خالی تھا اور ان کی جگہ زبیر عمر کو سندھ کا نیا گورنر بنایا گیا ہے حالانکہ صدر مملکت ممنون حسین نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ان کے قریبی دوست خواجہ قطب الدین کو سندھ کا نیا گورنر بنایا جائے تاہم وزیر اعظم نے صدر کی خواہش کا احترام نہیں کیا اور سندھ کے حالات کے پیش نظر تاجر برادری سے قریبی تعلقات اور حکومتی میڈیا سیل میں متحرک کردار ادا کرنے کے باعث زبیر عمر کا انتخاب کیا ۔