اسلام آباد(آئی این پی)عوامی راج پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی جمشید دتی نے ’’کھوداپہاڑ،نکلاچوہا‘‘کے محاورے کو ’’پھٹا پہاڑ،نکلاچوہا‘‘قراردیتے ہوئے ایوان میں جمعہ کے روز ہونیوالی ہنگامہ آرائی سے خود کو بری الذمہ قراردیدیا اور ساراملبہ حکومتی اور تحریک انصاف کے اراکین پر ڈال دیا۔
پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن اسمبلی جمشید دستی نے کہاکہ ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے رویے سے بے حدافسوس ہوا،کوئی بھی مہذب شہری اپنے ملک کے پارلیمان میں اس طرح کی حرکت نہیں کرسکتا،ہنگامہ آرائی کے واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایوان میں چور اور ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں،جنہیں پاکستان اور ایوان کی عزت کا کوئی خیال نہیں۔ایک سوال کے جواب میں جمشید دستی غلط محاورہ بول گئے اور کہاکہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ سے کچھ نہیں نکلے گا’’پھٹا پہاڑ،نکلا چوہا وہ بھی مرا ہوا،والی بات ہوگئی،اسحاق ڈار کے خلاف کوئی کچھ نہیں کرسکتا،ملک کا خزانہ ان کے ہاتھ میں ہے،وہ جیسے مرضی ملک کو لوٹیں انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔