میلان (آئی این پی) میلان ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز پی کے ٹرپل سیون سے پرندہ ٹکرا گیا۔ طیارے میں ایک سو پچیس مسافر سوار تھے۔ پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔ پاکستان سے میلان آنے والی پرواز پی کے 777 کی لینڈنگ کے دوران طیارے کی دم سے پرندہ ٹکرا گیا جس کی وجہ سے ریڈار کو نقصان پہنچا۔ طیارے میں ایک سو پچیس مسافر تھے۔ پائلٹ نے طیارہ کو بحفاظت میلان
ائیرپورٹ پر اتار لیا جبکہ تمام مسافر محفوظ رہے۔ حادثہ کے بعد میلان میں موجود پی آئی اے انتظامیہ فوری حرکت میں آئی اور انجینئرز کی مدد سے طیارے کے ریڈار کی مرمت کا کام شروع کردیا۔ تین گھنٹے کی ناکامی کے بعد انتظامیہ کی جانب سے فلائٹ کی منسوخی کا اعلان کیا گیا۔ پی کے 777 نے میلان سے مسافروں کو لیکر پیرس اور پھر رات نو بجے لاہور کیلئے روانہ ہونا تھا۔ پیرس کے چارلس دیگال ائیرپورٹ پر مسافروں کی کثیر تعداد موجودتھی ، پی آئی اے فرانس کے چیف ایگزیکٹو ملک وقار اور کنٹری منیجر مطیع اللہ خان نے فلائٹ میں تاخیر پر مسافروں سے معذرت کی اورانہیں کھانا مہیا کیا جس کے بعد فلائٹ منسوخی کا اعلان کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرا دیا گیا ۔